لاس ویگاس میں قائم ایک کلینک کو انٹرنیٹ پر کافی شہرت ملی ہے۔ اس کلینک کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں75 ہزار ڈالر خرچ کرنے کے بعد کوئی بھی اپنے قد کو چند انچ بڑھا سکتا ہے۔اس کے لیے یہ کلینک ٹانگوں کی معمولی سرجری کرتا ہے۔
لمبپلاسٹ ایکس انٹی ٹیوٹ*LimbPlastX Institute*بھاری فیس لے کر مریض کے قد میں 6 انچ کا اضافہ کر سکتا ہے۔اس کلینک کے ایک کنسلٹنٹ ڈاکٹر کیون ڈیبیپرشاد نے بتایا کہ 2019 میں 30 افراد نے اس پروسیجر کے ذریعے اپنا قد بڑھایا۔
انہوں نے بتایا کہ میڈیا پر حالیہ توجہ ملنے کے بعد 2020 کے لیے اُن کے پاس مریضوں کی تعداد کافی بڑھ گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس پورے پروسیجر میں صرف ڈیڑھ گھنٹہ لگتا ہے۔ اس پروسیجر میں مریض کی ٹانگ میں ران یا گھٹنوں کے نیچے کی ہڈیوں میں چار سے چھ سوراخ کیے جاتے ہیں اور ہڈیوں میں ایک ڈیوائس لگائی جاتی ہے۔
اس ڈیوائس کو ریموٹ کنٹرول سے چلایا جاتا جس کے بعد صرف ایک سال میں آپ کا قد مطلوبہ سائز تک بڑھ سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اُن کے مریضوں میں 90 فیصد مرد ہوتے ہیں جو 5 فٹ 6 انچ قد میں چند انچ مزید اضافہ چاہتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس طریقہ کار میں سرجری کے دوران ہی ٹانگوں کی لمبائی نہیں بڑھائی جاتی بلکہ یہ آپریشن کے بعد بیرونی ریموٹ کنٹرول سے بڑھائی جاتی ہے۔پروسیجر کے بعد ہر روز ایک ملی میٹر کےحساب سے قد بڑھایا جاتا ہے۔ ایک ملی میٹر کا یہ اضافہ ایک بٹن کو چھو کر کیا جاتا ہے۔
یہ ریموٹ کنٹرول مریض خود استعمال کرتے ہیں۔سرجری کے بعد دو سے چار ہفتوں میں فزیکل تھراپی کی بھی ضرورت پڑتی ہے۔ یہ فیزیکل تھراپی کلینک کی 75 ہزار ڈالر فیس میں شامل ہے۔
قد بڑھانے کے آپریشن تقریباً گزشتہ ایک صدی سے کیے جا رہے ہیں لیکن لمبپلاسٹ ایکس انسٹی ٹیوٹ وہ پہلی کمپنی ہے جو اسے حسن میں اضافے کے لیے کررہی ہے۔ اس سے پہلے یہ آپریشن ٹانگوں کے زخمی ہونے یا حادثات کی وجہ سے کیے جاتے تھے۔
No comments:
Post a Comment